Live Updates

پاکستان میں یوٹیوب پر دوبارہ پابندی کی خبروں پر پی ٹی اے نے حقیقت بیان کردی

درست اور بروقت معلومات کیلئے صرف آفیشل ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انحصار کریں؛ ترجمان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 مئی 2025 12:04

پاکستان میں یوٹیوب پر دوبارہ پابندی کی خبروں پر پی ٹی اے نے حقیقت بیان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2025ء ) پاکستان میں یوٹیوب پر دوبارہ پابندی کی خبروں پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے حقیقت بیان کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ستمبر 2012ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر جاری کیا گیا ایک پرانا پریس ریلیز دوبارہ گردش کر رہا ہے، جس میں یوٹیوب کی بندش کی اطلاع دی گئی تھی، اس پرانے بیان کے دوبارہ منظر عام پر آنے سے عوام میں غیر ضروری کنفیوژن پیدا ہو رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس صورتحال میں پی ٹی اے واضح کرنا چاہتی ہے کہ جو مواد گردش کر رہا ہے وہ نا صرف پرانا ہے بلکہ موجودہ حالات سے مکمل طور پر غیر متعلقہ بھی ہے، اس وقت پی ٹی اے کی جانب سے یوٹیوب یا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بلاک یا بند کرنے کے لیے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی، عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انحصار کریں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کاکول اکیڈمی سے خطاب کے بعد بھارت نے وزیراعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر پابندی عائد کردی، بھارتی شکایت پر وزیراعظم کی تقریر بھی یوٹیوب سے ہٹادی گئی، پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے متعدد پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، یو ٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی تقریر ہٹانے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کو وزیراعظم شہباز شریف کی کاکول کی تقریر ہضم نہیں ہوئی جس کی وجہ سے وزیر اعظم کا یوٹیوب چینل بھی بند کردیا کیوں کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں سچے سٹیٹس مین کی طرح بات کی اور انہیں منہ توڑ جواب دیا جس کی وجہ سے بھارتیوں کو وزیراعظم سے تکلیف ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات