Live Updates

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا دن منایا گیا

میڈیا کو جھوٹ، فیک نیوز، پروپیگنڈے، غیر ملکی ایجنڈوں اور سیاسی مفادات کیلئے استعمال نہ ہونے دیا جائے‘شہبازشریف

ہفتہ 3 مئی 2025 14:53

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا دن منایا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہفتہ کو آزادی صحافت کا دن منایا گیا۔ورلڈ پریس فریڈم ڈے کا آغاز 1993ء میں ہوا، اس دن کی باقاعدہ منظوری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دی تھی، یہ دن منانے کا مقصد پیشہ ورانہ فرائض کی بجا آوری کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اورزندگی کو درپیش خطرات کے متعلق قوم اور دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔

پاکستان میں صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون تسلیم کیا جاتا ہے، اس کے باوجود ماضی میں اہل صحافت نے پابندیوں کے کالے قوانین اور اسیری کے مختلف ادوار دیکھے ہیں، صحافت کی موجودہ آزادی کسی کی دی ہوئی نہیں بلکہ یہ صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے،جنہوں نے عقوبت خانوں میں تشددبرداشت کیا، کوڑے کھائے اور پابند سلاسل رہے۔

(جاری ہے)

اس دن کے انعقاد کی ایک وجہ معاشرے کو یہ بھی یاد دلانا ہے کہ عوام کو حقائق پر مبنی خبریں فراہم کرنے کے لیے کتنے صحافی اس دنیا سے چلے گئے اور کئی پس دیوار زنداں ہیں۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق 1992ء سے 2025ء تک 1402 سے زائد صحافی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، فرائض کی انجام دہی کی پاداش میں زنداں میں قید کئے جانے والے صحافیوں کی تعداد بھی کم نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں دنیا تک حقائق پہنچانے کی جدو جہد میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے میڈیا ورکرز کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

محمد شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کو جھوٹ، فیک نیوز، پروپیگنڈے، غیر ملکی ایجنڈوں اور سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف غلط اطلاعات کا پھیلاؤ، نفرت پر مبنی اظہار اور جان لیوا حملے دنیا بھر میں آزادی صحافت کیلئے خطرہ ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات