Live Updates

عمران خان اس وقت مشکل میں ہے، مر جاؤں گا لیکن بانی پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑوں گا

میں اسپیکر رہ چکا ہوں مجھے عہدوں کی کوئی لالچ نہیں ہے، اس وقت ملک میں عملاً قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے، لوگ جج اور عدلیہ کی طرف دیکھتے ہیں کہ ہمیں عدلیہ انصاف دے گی۔ رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 3 مئی 2025 23:03

عمران خان اس وقت مشکل میں ہے، مر جاؤں گا لیکن بانی پی ٹی آئی کو نہیں ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 مئی 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت مشکل میں ہے، مر جاؤں گا لیکن بانی پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑوں گا، میں اسپیکر رہ چکا ہوں مجھے عہدوں کی کوئی لالچ نہیں ہے۔ انہوں نے صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جس ملک میں ہم رہ رہے ہیں، اس ملک میں عملاً قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے، پہلے بھی اس ملک میں کوئی آئیڈیل نظام نہیں تھا۔

اس وقت ہم جس دور میں ہیں، شاید یہ دور آمریت میں بھی نہیں تھا۔ مشرف دور میں ٹی وی چینلز پر پابندی نہیں تھی، مشرف کے دور میں لوگ بات بھی کرتے تھے، تنقید بھی ہوتی تھی، کوئی کسی پر ایکشن نہیں لیتا تھا۔اب کوئی ایک بات کرے تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

آپ کے جو بنیادی حقوق ہیں جنہیں آئین تحفظ دیتا ہے، اُنہیں چھینا گیا ہے ۔پیکا ایکٹ ایک کالا قانون ہے اور عملاً آئین کی خلاف ورزی ہے.ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پیکا ایکٹ کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

پاکستان کی تاریخ میں عدلیہ کو ہمیشہ کمپرومائز کرنے کی کوشش ہوتی رہی ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد اگر حکمران نہ چاہے تو جج کوئی فیصلہ نہیں دے سکتا، جج کو فیصلے سے پہلے آرڈر ملے گا کہ فیصلہ ایسے کرنا ہے.عمران خان اس وقت اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے اور یہ الیکشن ہم نے بھاری مینڈیٹ سے جیتا ہے،جس طرح سے ہم سے مینڈیٹ چھینا گیا، وہ آپ سب کو معلوم ہے.جعلی اسمبلی جو بیٹھی ہے، اُس میں عدلیہ کو کوئی تحفظ نہیں دے سکتا.ہم شرمندہ ہیں کہ ہم اسمبلی میں صرف شور مچا سکتے ہیں، ہم کوئی ملٹنٹ تو نہیں کہ بندوق اٹھائیں اور زبردستی روکیں.اس وقت تاریخ کا ایک بہت اہم موڑ ہے، آپ کے سرحدوں پر جو صورتِ حال ہے.بلوچستان میں عملاً ریاست کی رِٹ ختم ہو چکی ہے،خیبر پختونخوا میں جو صورتِ حال ہے، اور پنجاب و سندھ میں جو کچے اور پکے کے ڈاکو ہیں۔

ایک ہی ادارہ ہے، لوگ جج اور عدلیہ کی طرف دیکھتے ہیں کہ ہمیں عدلیہ انصاف دے گی، مجھے اگر پتا ہو کہ میں یہاں بات کروں گا اور بعد میں اغوا ہو جاؤں گا، تو کون بات کرے گا۔ چیف جسٹس، عدلیہ کا وقار تقاضا کرتا ہے کہ آپ کو اُٹھنا ہوگا، بات کرنی ہوگی۔ چیف جسٹس صاحب، آپ کو اپنی عدالت کو تحفظ دینا ہوگا.لوگوں کا اعتماد عدالتوں سے اُٹھتا جا رہا ہے۔

بار ایسوسی ایشن سے بڑا گلہ ہے، یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوں.انصاف کا تقاضا ہے، جس سوسائٹی میں انصاف مر جائے، وہ سوسائٹی نہیں چل سکتی۔ ہمارے لوگوں کو اغوا کیا گیا، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، لیکن ہم کھڑے ہیں.میں اپنے صوابی والوں کو کہتا ہوں، مر جاؤں گا عمران خان کو نہیں چھوڑوں گا۔ میں قومی اسمبلی کا اسپیکر رہا، صوبائی اسمبلی کا اسپیکر رہا، عہدوں کی کوئی لالچ نہیں ہے.اس وقت عمران خان مشکل میں ہے، اُس کے ساتھ آخر تک جاؤں گا۔

میرے لوگ مجھے حوصلہ دیتے ہیں، موٹیویٹ کرتے ہیں.محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ہم نے حزبِ اختلاف کا الائنس بنایا ہے،ہم پورے ملک میں احتجاج کا اعلان کریں گے، محمود خان سے اس حوالے سے بات کروں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات