Live Updates

بھارت کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا مطالبہ آئی ایم ایف نے نظر انداز کر دیا، ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس شیڈول کے مطابق ہوگا

ہم دوسرے ممالک کے خدشات پر تبصرہ نہیں کر سکتے، ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نو مئی کو ہوگا جس میں پاکستان کی درخواست پر بھی غور ہوگا، نمائندہ آئی ایم ایف ماہر بنیسی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 3 مئی 2025 13:16

بھارت کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا مطالبہ آئی ایم ایف نے نظر ..
اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 مئی 2025) بھارت کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا مطالبہ آئی ایم ایف نے نظر انداز کر دیا، ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس شیڈول کے مطابق ہوگا، ہم دوسرے ممالک کے خدشات پر تبصرہ نہیں کر سکتے، سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نمائندہ آئی ایم ایف ماہر بنیسی واضح کردیا کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نو مئی کو اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔

اجلاس میں پاکستان کی درخواست پر بھی غور ہوگا۔وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کلائمیٹ فنانسنگ سے متعلق 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔ اجلاس میں پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2.3 ارب ڈالرپیکج ملنے کاامکان ہے، بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو مجموعی طور پر دو ارب 30 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے فنڈز 28 ماہ میں اقساط میں ملیں گے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا تھا۔دوسری جانب پاکستان نےانٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے اور اسے سیاست زدہ کرنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کر دیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کیلئے آئی ایم ایف سے مل کرکام کرتا رہے گا۔

پاکستان میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے پورے عزم سے کام کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت کا آئی ایم ایف پروگرام پر منفی بیانیہ سندھ طاس معاہدہ کی غیرقانونی معطلی جیسا ہے، بھارتی اقدامات اس کی بین الاقوامی قانون اور عالمی اداروں کو نظرانداز کرنے کا عکاس ہے، بھارت کا یہ رویہ خطے کے عدم استحکام کا باعث ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روزبھارت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو دئیے گئے قرضوں کا ازسر نو جائزہ لے۔

بھارتی حکومت کے ایک عہدیدار نے غیرملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ بھارت نے آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کو دی گئی مالی امداد کا ازسرِ نو جائزہ لے تاہم اس مطالبے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تھیں۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات