Live Updates

خوشحال مزدور خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت‘ لیبر یونینوں کے جائز مطالبات کا حل اولین ترجیح ہے‘سردار نسیم

ہفتہ 3 مئی 2025 19:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2025ء) مسلم لیگ ن راولپنڈی کے صدر و سابق مئیر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ خوشحال مزدور خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے لیبر یونینوں کے جائز مطالبات کا حل اولین ترجیح ہے آئندہ بجٹ میں مزدور کی اجرت میں اضافہ پنجاب حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میونسپل لیبر یونین راولپنڈی کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں کیا تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف یونین کے صدر راجہ ہارون اور سیکریٹری شاہد رضا پادری نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سینکڑوں مزدوروں نے بھی شرکت کی سابق میئر سردار نسیم خان نے لیبر یونین کے عہدیداروں سے حلف لیا اس موقع پر انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت لیبر یونینوں کے حقوق کے ساتھ کھڑی ہے لیبر یونینوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت میں پہلے بھی مزدور کی اجرت میں اضافہ کیا گیا اور حکومت آنے والے بجٹ میں مزدور کی اجرت میں مزید اضافہ کررہی ہے انہوں نے کہا کہ لیبر یونینوں کے مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے کیونکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مزدور کا اہم کردار ہے مزدور کے خون پسینے سے ملک ترقی کررہا ہے انہوں نے کہا کہ سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ جنگی حالات میں مزدور طبقہ اپنے مسائل و مشکلات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے قوم کے لئے یہ بات انتہائی قابل فخر ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دشمن کو کرارا جواب دیا ہے جس سے پوری قوم اور تمام مکاتب فکر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں جس کا عملی ثبوت یہ ہے کہ افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی کیلئے سب سے پہلے مزدور سڑکوں پر نکلے ہیں۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات