Live Updates

آزاد صحافت جمہوریت کی بنیاد اور عوامی آواز کا مؤثر ذریعہ ہے،گورنر سندھ

ہفتہ 3 مئی 2025 22:04

آزاد صحافت جمہوریت کی بنیاد اور عوامی آواز کا مؤثر ذریعہ ہے،گورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد صحافت جمہوریت کی بنیاد اور عوامی آواز کا مؤثر ذریعہ ہے، جس کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو آزادی اظہار کا حق دیتا ہے اور اس کا احترام لازمی ہے۔

انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی، ناانصافی اور محرومیوں کے خلاف آواز بلند کرنے میں صحافیوں کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ آزادی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے زور دیا کہ صحافتی اقدار، درست رپورٹنگ اور غیر جانب دارانہ تجزیے عوامی اعتماد کا ذریعہ بنتے ہیں، گورنر سندھ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ میڈیا کو عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کا پل بننا ہوگا تاکہ درست معلومات کی فراہمی یقینی ہو۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر، غزہ اور دیگر خطوں میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات