Live Updates

دہشت گرد مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیںجبکہ ،میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی

اعمال نہ صرف اسلامی تعلیمات ،انسانی اقدار کے بھی خلاف ہیں،جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)9 ڈویژن

ہفتہ 3 مئی 2025 20:50

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)9 ڈویژن میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیںجبکہ ان کے اعمال نہ صرف اسلامی تعلیمات بلکہ انسانی اقدار کے بھی خلاف ہیں۔وہ گزشتہ روز ہنگو کی تحصیل ٹل میں واقع فوجی چھاؤنی میں ضلع ہنگو میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں منعقدہ امن جرگہ سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرکمانڈنٹ ٹل سکاوٹس عالمگیر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر، ڈی پی او ہنگومحمد خالد سمیت دیگر فوجی وسول افسران، مقامی عمائدین، امن کمیٹی ارکان، اقلیتی نمائندے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما موجودتھے۔میجر جنرل بھٹی کا کہناتھا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسی تنظیموں نے کبھی بیرونی دشمنوں جیسے اسرائیل اوربھارت کے خلاف کوئی مؤقف نہیں اپنایا جس سے ان کے مقاصد واضح ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

جی او سی نے مقامی سطح پر امن و امان کے بارے گفتگو کرتے ہوئے جی او سی نے کہا کہ ہنگو میں 2009 میں ہونے والے امن معاہدے میں امن کمیٹیوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اسی تسلسل میں قبائلی ضلع کرم میں بھی کوہاٹ امن معاہدے کے تحت ہزاروں بنکرز مسمار کئے گئے جبکہ فریقین رضاکارانہ طورپربھاری اسلحہ جمع کرارہے ہیں جو فرقہ واریت کے خاتمے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

قبل ازیں کمانڈنٹ ٹل سکاوٹ کرنل عالمگیر یوسف زئی نے امن جرگہ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام اور سیکیورٹی فورسز کا باہمی تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام میں پاک فوج، سیکیورٹی اداروں اور علاقائی مشران کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے زور دیا کہ پاکستان اس وقت روایتی اور غیر روایتی جنگوں کا سامنا کر رہا ہے اور ایسی صورت میں عوام کا دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جنگ عوامی تعاون کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔شرکاء نے کہا کہ پاک فوج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور اب پوری قوم ایک پیج پر ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات