متنازع کینالز منصوبہ ختم ہو چکا، پی ٹی آئی والے عوام کو گمراہ کرنے کا کام بند کریں‘رانا جمیل منج

کالا باغ ڈیم کی طرح ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی قیادت نے متنازعہ نہری منصوبہ کیخلاف عوام کا مقدمہ لڑتے ہوئے فتح حاصل کی

اتوار 4 مئی 2025 10:55

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ متنازع کینالز منصوبہ ختم ہو چکا، پی ٹی آئی والے عوام کو گمراہ کرنے کا کام بند کریں، کالا باغ ڈیم کی طرح ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی قیادت نے متنازعہ نہری منصوبہ کے خلاف عوام کا مقدمہ لڑتے ہوئے فتح حاصل کی ہے ۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کو آصف زرداری فوبیا ہے۔پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو کبھی کسی صوبے کے حقوق کا سودا نہیں کرے گی،ہم نے ہمیشہ کسانوں اور مزدور طبقے کی بات ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری پہلی ترجیحات میں رہاہے۔متنازع کینالز منصوبہ ختم ہو چکا، بلاول بھٹو نے سیاسی بصیرت سے متنازع کینال منصوبہ ختم کروایا۔

(جاری ہے)

رانا جمیل منج نے بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو کیونکہ ہم خود دہشتگردی کا شکار رہے ہیں مگر جہاں تک بھارت کی بات ہے تو جب بھی وہاں کوئی ایسا واقع ہوتا ہے تو وہ اپنی قوم کو دیکھانے کیلئے الزام پاکستان پر لگانا شروع کردیتے ہیں۔بھارت نے جارحیت اورانتہا پسندی کا جو راستہ اختیار کیا ہے وہ خطے میں امن وسلامتی کیلئے خطرناک ہے۔ مگر بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا۔