اساتذہ اخلاقی تربیت پرتوجہ مرکوز کریں ۔ تربیت کے بغیر تعلیم ادھوری ہے،مرزافرحان بیگ

شاہد آفریدی فائونڈیشن اسکول ارکان آبادکی سالانہ تقریب سے طاہرشیریں، مشتا ق بروہی، شیراز علی، سمیرانواز، قاری ادریس ،صوبیہ نوازودیگر کاخطاب

اتوار 4 مئی 2025 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)ملکی ترقی، استحکام اوردفاع وطن کے لئے تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔ دنیا کی ترقی یافتہ اقوام نے اسی بنیاد پر ترقی کی منازل طے کی ہیں۔تدریس پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ گرین کریسنٹ ٹرسٹ( GCT) پاکستان، SAF ودیگر اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے طویل عرصہ سے متعلمین میں منتقلی علم کا فریضہ بطریق احسن اداکررہاہے۔

ان خیالات کااظہار ڈپٹی ڈائریکٹراسکولز GCTمرزا فرحان بیگ نے شاہدآفریدی فائونڈیشن (SAF)اسکول ،ارکان آباد، کورنگی نمبر2ٰکی سالانہ تقریب کے حاضرین سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریجنل منیجرزطاہر شیریں،مشتاق بروہی، فیلڈایجوکیشن آفیسر سید شیراز علی ،جی سی ٹی ہلال اسکول ارکان آبادکی پرنسپل سمیرانواز، SAFکوآرڈینیٹر خضر لودھی، SAFاسکول ارکان آباد کے پرنسپل قاری محمدادریس خان،وائس پرنسپل صوبیہ نواز ودیگر نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی مرزافرحان بیگ نے کہاکہ ہم ایسے افراد کی تیار ی کے لئے کوشاں ہیں جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے اطاعت گزار ہوں اورعہدحاضر کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکیں ۔انہوں نے اساتذہ پر زو ردیاکہ وہ طالبعلموں کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ مرکوزکریں کیونکہ تعلیم تربیت کے بغیر ادھوری ہے ،طاہر شیریں نے طالبعلموں اوراساتذہ سے کہاکہ وہ علامہ اقبال کی شاعری کو بطورخاص پڑھیں اوراسے سمجھنے کی کوشش کریں تو زندگیوں میں انقلاب برپاہوسکتاہے۔

مشتاق بروہی نے کہاکہ GCT وقت کے ساتھ ساتھ تدریسی طریقے کار میں نئی جہتیںمتعارف کراتاہے ۔ایکٹولرنگ گزشتہ سال سے جاری ہے ۔شعبہ قرآن وحدیث کے ذریعے اسکولوں کے متعلمین کو اس قابل بنایاجاتاہے کہ وہ نہ صرف قرآن مجید پڑھنے بلکہ سمجھنے کے بھی قابل ہوسکیں۔ اسکول انتظامیہ منصوبہ عمل اور جاری کردہ ہدایات کے مطابق تدریسی عمل میں بہتری کی سعی وجہد کرے تو نصب العین کی تکمیل ممکن ہوسکتی ہے۔

سید شیراز علی نے SAFاسکول ارکان آباد کے طالبعلموں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بچوں میں ٹیلنٹ موجود ہوتا ہے اس کو نکھارنے کاکام اساتذہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم جس ٹیم کاحصہ ہیں وہاں ہرفرد کا اپناایک مقام، اہمیت اور ذمہ داری ہے۔ ہم سب اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں نبھائیں گے توٹیم کامیاب ہوگی۔سمیرا نواز نے اپنے تجربات کی روشنی میں اساتذہ اوروالدین رہنمائی کی ۔

آخر میں سالانہ امتحانات برائے سال 2024-25کے نتائج کا اعلان اور نمایاں کامیاب طلباء وطالبات میں مہمانوں نے انعامات واسناد تقسیم کیں۔ اسکول کے جن اساتذہ کواعلیٰ کارکردگی پر شیلڈز پیش کی گئیں ان میں عظمیٰ کنول ،زینت امان، شاہین فیاض، ذکیر عالم ، ارم بانو، ساجد سلطان، محمدعمران، مہک طارق علی، لائبہ خالد،یسریٰ مہک، حبیبہ فیاض، مقدس شیرمحمدکے اسماء شامل ہیں۔