Live Updates

مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا دیروجی ٹوپی کا ثقافتی دن منانے پر محکمہ سیاحت و ثقافت اور دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کو خراج تحسین

اتوار 4 مئی 2025 16:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) محکمہ سیاحت و ثقافت خیبر پختونخوا اور دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام پشاور میں ''دیروجی ٹوپی کا ثقافتی دن'' بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں پشاور میں مقیم اہلیانِ دیر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد سفید دیروجی ٹوپی کو ثقافتی ورثے کے طور پر اُجاگر کرنا اور نئی نسل میں اپنی روایات سے جُڑے رہنے کا شعور پیدا کرنا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں دیروجی ٹوپی کے ثقافتی دن کے انعقاد کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے مشیر بہبود آبادی نے محکمہ ثقافت اور دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ وہ وزیراعلیٰ سے بات کرکے یہ دن حکومتی سطح پر منانے کی منظوری لیں گے اور آئندہ ہر سال 2 مئی کو ثقافتی میلے کے اہتمام کے علاؤہ سفید دیروجی ٹوپی اور ثقافتی دن کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیروجی ٹوپی صرف لباس کا حصہ نہیں بلکہ پشتون غیرت، شرافت اور ثقافتی وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے اہلیانِ دیر کو اپنی شاندار ثقافتی اور دینی روایات کا امین قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ اپنی سفید دیروجی ٹوپی کی لاج رکھیں اور آنے والی نسلوں تک اپنی شناخت اور سنہری روایات منتقل کریں۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ دیر کے عوام نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی خداداد صلاحیتوں اور کردار کی بدولت پہچان بنائی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع دیر بیش بہا قدرتی خزانوں اور سیاحتی وسائل سے مالا مال ہیں اور خوش آئند بات یہ ہے کہ محکمہ سیاحت و ثقافت ان خزانوں کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کیلئے پوری سنجیدگی سے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں اضلاع دیر میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہاں سیاحت کی ترقی کے نئے دروازے کھلیں اور عوام کے معاشی حالات بہتر ہوں۔

وزیراعلیٰ کے مشیر نے بتایا کہ 60 ارب روپے کی لاگت سے چکدرہ تا لواری ٹنل 30 کلومیٹر موٹر وے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت عنقریب تعمیراتی کام کا آغاز ہو گا جس میں رباط تک چھ کلومیٹر لڑم ٹنل کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اسی طرح دیر یونیورسٹی کے قیام اور تیمرگرہ میڈیکل کالج میں آلات کی تنصیب پر بھی جلد عملی کام شروع ہوگا۔ مشیر بہبود آبادی نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے دفتر کے دروازے اہلیانِ دیر کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور وہ سیاست سے بالاتر ہو کر صرف عوامی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔

تقریب سے دیر سے تعلق رکھنے والے ایس پی پولیس فقیر آباد سرکل ارشد خان، دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین حاجی محمد سعید، صدر حاجی سلطان یوسف دیر لالہ جی، سینئر نائب صدر غلام حسین غازی، جنرل سیکرٹری ماسٹر ظاہر شاہ، دیر قومی محاذ چارسدہ کے چیئرمین شمس شیرپاؤ، سابقہ جنرل سیکرٹری پروفیسر شیریں رحمان روغانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سفید دیروجی ٹوپی اور ثقافتی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ اس ضمن میں سرکاری معاونت پر مشیر بہبود آبادی اور محکمہ سیاحت و ثقافت کا شکریہ ادا کیا نیز صوبہ میں سیاحت و ثقافت کے فروغ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

تقریب میں دیروجی ٹوپی پہنے اہلیان دیر نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر پختون ثقافت اور دیروجی ٹوپی پر ٹیبلو اور خاکہ بھی پیش کیا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات