Live Updates

عوام کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، پیر ارشد کاظمی

مہنگائی، بے روزگاری، بلدیاتی بدانتظامی، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور پانی و بجلی جیسے بنیادی مسائل حل کیے جائیں،چیئرمین رابطہ کمیٹی تحریک اہلسنّت سندھ

اتوار 4 مئی 2025 17:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)تحریک اہلسنّت پاکستان سندھ کی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین، معروف مذہبی و سماجی رہنما پیرسید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور اس راہ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دین، عوام اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور آئندہ بھی اس مشن کو جاری رکھیں گے۔

پیر سیدارشدعلی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں جن میں مہنگائی، بے روزگاری، بلدیاتی بدانتظامی، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور پانی و بجلی جیسے بنیادی مسائل شامل ہیں۔ ان تمام مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک کرنے اور عوام کی آواز بننے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر عوام کا مقدمہ لڑیں گے اور انتظامیہ کو بار بار یاد دہانی کراتے رہیں گے کہ عوام کی خدمت فقط بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہوتی ہے۔

پیر ارشد کاظمی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مثبت کردار ادا کریں اور اپنی کمیونٹی، محلے اور شہر کی بہتری کے لیے متحرک ہوں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک، عوام، اور شہر کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں خلقِ خدا کی بے لوث خدمت کی توفیق دے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات