Live Updates

شہرقائدمیں جاری منصوبے جو رواں مالی سال میں مکمل ہونا ہیں ان کو ہر صورت جون کے آخر تک مکمل کرلیا جائیگا، سعیدغنی

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے اور ایسے منصوبوں کو شامل کیا جائے گا، جس سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو،وزیربلدیات کا شہرکے مختلف علاقوں کا دورہ ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

اتوار 4 مئی 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے اور ایسے منصوبوں کو شامل کیا جائے گا، جس سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو،کراچی میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو مختلف متبادل راستوں سے کم سے کم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شہر کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر کے ہمراہ اسپیشل سیکرٹری ٹیکنیکل غنی شیخ، پروجیکٹ ڈائریکٹر میگا کراچی آفتاب چانڈیو، پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہراہ بھٹو نیاز سومرو، پروجیکٹ مینیجر کے ڈی اے جنید و دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے شہر میں جاری کراچی میگا پراجیکٹس اور کے ڈی اے کے تحت جاری منصوبوں اور آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہونے والے متعدد منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے شاہراہ بھٹو پر جاری کام، کورنگی کاز وے، جام صادق برج، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد سمیت دیگر ان علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں آئندہ مالی سال کے لئے نئے منصوبوں پر کام شروع کیا جانا ہے۔ اس موقع پر عبدالغنی شیخ، پی ڈی کراچی میگا پروجیکٹ اور پر ڈی شاہراہ بھٹو نے صوبائی وزیر کو جاری اور آئندہ مالی سال کی ADP میں شامل ہونے والے منصوبوں کی مکمل فزیبلیٹی رپورٹ پیش کی اور ان مقامات پر جاکر تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کے ڈی اے اور کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت جو منصوبے جاری ہیں ان کو جلد سے جلد مکمل کرکے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں جبکہ ان منصوبوں کے ساتھ ساتھ جو لنک منصوبے بنائے جائیں ان کی فزیبلیٹی اس طرح بنائی جائے کہ اس سے ٹریفک کا دبائو بھی کم ہو اور عوام کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لئے فاصلہ کم سے کم طے کرنا پڑے۔

سعید غنی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کی اے ڈی پی اسکیم میں کراچی کے لیے متعدد میگا منصوبوں کو بھی شامل کیا جارہا ہے جو لازمی طور پر ایک سال میں ہی مکمل ہوں گے اور ان منصوبے کو اس طرح ڈیزائن کیا جائے کہ اس کا براہ راست فائدہ شہر کے عوام کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کراچی میگا پراجیکٹس کے پی ڈی اور کے ڈی اے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو بھی ہدایات دی کہ جاری منصوبے جو رواں مالی سال میں مکمل ہونا ہیں ان کو ہر صورت جون کے آخر تک مکمل کرلیا جائے اور جو جاری منصوبے آئندہ مالی سال تک مکمل ہونا ہیں ان پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ وہ اسی سال دسمبر تک مکمل کرلئے جائیں۔

سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کراچی کے منصوبوں پر انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور ان کی خصوصی ہدایات ہیں کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور عوام کی امنگوں کے تحت مکمل کئے جائیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات