حنیف محمد کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح،میئر کراچی کا شہری فلاح اور پبلک اسپیسز کی بحالی کے عزم کا اظہار

فریئر ہال، خالق دینا ہال، اور جلد ہی ڈینسو ہال عوام کے استعمال کے لیے کھول دیے جائیں گے، ایمپریس مارکیٹ کی تزئین و آرائش جاری ہے اور وہاں بھی ایک ثقافتی سرگرمیوں کی جگہ مختص کی جائے گی،مرتضیٰ وہاب

اتوار 4 مئی 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کی پبلک اسپیسز، پارکس اور پلے گراؤنڈز کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے، کراچی کی تاریخی عمارات اور پبلک اسپیسز کو عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے، فریئر ہال، خالق دینا ہال، اور جلد ہی ڈینسو ہال عوام کے استعمال کے لیے کھول دیے جائیں گے، ایمپریس مارکیٹ کی تزئین و آرائش جاری ہے اور وہاں بھی ایک ثقافتی سرگرمیوں کی جگہ مختص کی جائے گی، ادیبوں، فنکاروں اور پرفارمرز کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ان تاریخی مقامات پر اپنے ایونٹس منعقد کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھیل پارک میں ''حنیف محمد کرکٹ گراؤنڈ'' کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار ابڑو، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ جھیل پارک کے مقام پر ماضی میں موجود جھیل کو ختم کر کے مٹی بھری گئی، مگر اب اسے سبزہ زار میں تبدیل کر کے وہاں قدرتی حسن سے مزین ایک خوبصورت کرکٹ گراؤنڈ بنایا گیا ہے، جو درختوں کی بائونڈری کے ساتھ اپنی نوعیت کا منفرد گراؤنڈ ہے۔

(جاری ہے)

گراؤنڈ کو پاکستان کے عظیم کرکٹر اور ’لٹل ماسٹر‘ حنیف محمد کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جہاں نوجوان کرکٹ اور فٹبال کھیل سکتے ہیں جبکہ بزرگ اور خواتین واک کر سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ویژن کے تحت عوام کو معیاری سہولیات دینے کے لیے مکمل کیا گیا ہے، اور امید ہے کہ دیگر منصوبوں کی طرح اس اقدام کو بھی عوام اون کریں گے۔

میئر کراچی نے میڈیا سے درخواست کی کہ ویک اینڈ پر بڑے پارکوں کو فیملیز کے لیے مخصوص کرنے کے حوالے سے عوامی رائے لی جائے تاکہ خواتین، ماؤں اور بزرگ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے، میئر کراچی نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سال 50 پارکس کی مرمت اور بحالی کرے گی، جن پر کام جاری ہے، اور اس ہفتے دو مزید پارکس کا افتتاح کیا جائے گا ، ایک ڈسٹرکٹ ویسٹ اور دوسرا ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں، انہوں نے بتایا کہ ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پارکس کی تعمیر و بحالی کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جہانگیر پارک کے اوپن ایئر تھیٹر کو بھی فعال کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ پبلک اسپیسز کو عوام کی امانت سمجھتی ہے اور ہر شخص ان میں شراکت دار بن سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ملازمین کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے تاکہ جعلی بھرتیوں کی روک تھام کی جا سکے، جو کہ ایک تاریخی پیشرفت ہے، میئر کراچی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر رات دیر گئے فیلڈ میں موجود ہوتے ہیں، اور افسران سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ عوامی خدمت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ کارکردگی کو تعصب کی عینک سے نہ دیکھا جائے بلکہ میرٹ اور نتائج کی بنیاد پر پرکھا جائے، انہوں نے کہا کہ حنیف محمد ان کے پڑوسی اور محسن ہیں، اور ان کے بیٹے شعیب محمد کی خواہش ہے کہ اس گراؤنڈ میں ایک کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائے۔

انہوں نے آئی آئی چندریگر روڈ، پاکستان چوک، برنس گارڈن اور فوڈ اسٹریٹس کی ترقی کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا، پارکنگ کے نظام پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام سڑکوں پر پارکنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صرف چار دیواری میں موجود پارکنگ پلازوں پر ہی فیس چارج کی جائے گی۔ 30 جون کے بعد کسی جگہ پارکنگ کے ٹھیکے میں توسیع نہیں کی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ ان کا وژن ایک ایسا کراچی ہے جو مسکراتا ہوا، رونق بھرا اور خوشحال ہو ، ایسا شہر جو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے قابل فخر ہو۔ ''جو کام کرے گا وہی رہے گا''، انہوں نے کہا، اور ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو ترقی، ثقافت اور شفافیت کا مظہربنایاجائے گا۔