Live Updates

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی پیرکو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 4 مئی 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی (کل)پیر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا ا علیٰ سطحی دورہ برادر ممالک پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے دورہ پاکستان کے موقع پر فریقین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب میں جڑے قریبی دوطرفہ تعلقات ہیں۔ توقع ہے کہ ایران کے وزیرخارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی تعاون میں بھی اضافہ ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات