Live Updates

لاڑکانہ میں پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد

پیر 5 مئی 2025 02:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) لاڑکانہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایڈووکیٹ بابو سرفراز جتوئی گروپ کی جانب سے مودی سرکار کے خلاف اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر "پاکستان زندہ باد" کے عنوان سے وی آئی پی روڈ سے ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، جہاں مظاہرین نے ہاتھوں میں قومی اور تنظیمی جھنڈے اٹھاکر پاک فوج کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ اسلم جتوئی، ایڈووکیٹ محسن جتوئی، احمد بخش کورائی، شفیق بلوچ، نثار احمد چانڈیو، اکبر میمن و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار جو انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کی پشت پناہی کرتی ہے، وہ پہلگام واقعے میں اپنی ناکامی چھپاتے ہوئے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر پروپیگنڈا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد مودی نے ہوش کھو دیے ہیں اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرکے جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ اگر مودی سرکار نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان کے 24 کروڑ عوام اپنی بہادر فوج کے ساتھ مل کر اس کا منہ توڑ جواب دیں گے، جو مودی اور اس کے حامی نسلوں تک یاد رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات