Live Updates

حسن ابدال ،بھارت نے حملہ کیا تو وہ ٹکڑوں میں بٹ جائے گا،خالصتان بن جائے گا،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

پیر 5 مئی 2025 12:06

حسن ابدال ،بھارت نے  حملہ کیا تو  وہ ٹکڑوں میں بٹ جائے گا،خالصتان بن ..
حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر بھارت نےپاکستان پر حملہ کیا تو وہ خود ٹکڑوں میں بٹ جائے گا اور اس حملے کی وجہ سے بھارتی پنجاب آزاد ہو کر خالصتان بن جائے گا اور مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہو جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارحسن ابدال میں شیر میسور ٹیپو سلطان شہید رح کی 226 ویں برسی پرمنعقد ہونے والی تقریب میں کیا۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور،ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی سردار اشعرحیات خان،سردار ذوالفقار حیات خان،ملک امانت راول، ملک ریاست سدریال،وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم تنویر قریشی،سید عاطف شاہ گیلانی، شیخ احسن الدین، شیخ وقار عظیم صدیقی اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حسن ابدال میں گزشتہ 30 برس سے شیر میسور ٹیپو سلطان شہید کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے اور یہ امر انتہائی خوش آٸند ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ ان کو یاد رکھتی ہے جوحق کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اس سلسلے میں واضح مثال حضرت امام حسین رضی اللہ سے لے کر ٹیپو سلطان شہید تک تاریخ میں موجود ہے۔موجودہ حالات کے بارے میں بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس بار پاکستان کو دھمکی دے کر پچھتا رہا ہے اور اگر جنگ ہوئی تو بھارت ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔

بھارتی پنجاب اورمقبوضہ کشمیر آزاد ہو جائیں گے اور اس کے ساتھ بھارت میں جن ریاستوں میں جو علیحدگی پسند تحریکیں چل رہی ہیں وہ بھی اپنی آزادی کا اعلان کر دیں گے۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہماری فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر ہمارا فخرہیں جنہوں نےبھارت کی دھمکیوں کا جواب آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیا ہے اور اس بار بھارت کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو اس کہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔\378
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات