Live Updates

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت منگل تک ملتوی

پیر 5 مئی 2025 17:08

سپریم کورٹ کے  آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے پیر کو سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایف بی آر کے وکیل رضا ربانی عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس دو ہزار ایک کے سیکشن فور بی اور فور ڈی پر عدالت کو آگاہ کروں گا۔

سپریم کورٹ ٹیکس کے پرنسپلز کا جائزہ لے سکتی ہے۔ جسٹس جمال خان مندو خیل نے استفسار کیا کہ یہ ٹیکس آرٹیکل ایک سو تہتر کے تحت ہی لگایا تھا یا نہیں؟ رضا ربانی نے کہا کہ ٹیکسیشن کا پورا طریقہ کار آرٹیکل ایک سو تہتر میں واضح کیا گیا ہے، خزانہ کی قائمہ کمیٹی پہلے بجٹ کے حوالے سے طے کرتی ہے، خزانہ کمیٹی اسے ایوان بالا میں بھیجتی ہے وہاں سے پھر بجٹ منظور ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ فور بی لوکل مقاصد کے لیے نہیں ہوتا، لوکل باڈی کے لیے ہوتا ہے، فور بی میں واضح ہے کہ سپر ٹیکس تباہ شدہ گھروں کی مرمت کے لیے استعمال ہو گا، اس میں علاقہ واضح نہیں ہے۔ سپر ٹیکس اور انکم ٹیکس دو چیزیں ہیں، سپر ٹیکس کسی خاص مقصد کے لئے لگایا جاتا ہے۔ جسٹس جمال مندو خیل نے استفسار کیا کہ سپر ٹیکس سے جمع کی گئی رقم کس طرح تقسیم ہوتی ہے؟ کیا قانون سازی کے بغیر آپ سپر ٹیکس لگا سکتے ہیں؟ رضا ربانی نے موقف اپنایا کہ سپر ٹیکس کے حوالے سے قانون سازی کی گئی تھی، سپر ٹیکس کا سارا پیسہ وفاقی مجموعی بجٹ میں جاتا ہے۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی مجموعی بجٹ کو کس طرح استعمال کرنا ہے یہ آرٹیکل ایک سو پچھتر میں بتایا گیا ہے، بجٹ سازی میں آپ کو پتہ ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس کتنے پیسے ہوتے ہیں۔ رضا ربانی نے کہا سپر ٹیکس کے حوالے سے دو ہزار سولہ کے دیباچے میں لکھا ہوا ہے کہ رقم پہلے وقافی مجموعی بجٹ میں جائے گی۔ عدالت نے سپر ٹیکس کیس کی سماعت کل منگل تک ملتوی کر دی۔ ایف بی آر کے وکیل رضا ربانی کل بھی دلائل جاری رکھیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات