خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے ایران کے کردار کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیر خارجہ

پیر 5 مئی 2025 23:09

خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے ایران کے کردار کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے ہمراہ گفتگو میں کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے تہران کے کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔پاک بھارت جنگ ٹالنے کے لیے ایران کی ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔

دفترخارجہ میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایرانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا، وہ دورہ پاکستان کے بعد بھارت کا دورہ بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دفتر خارجہ میں اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ دورہ پاکستان میں اسحق ڈار سے ملاقات مفید رہی۔انہوںنے کہاکہ میری پاکستانی ہم منصب سے 3 بنیادی نکات پر بات ہوئی، خطے کی صورتحال اور پاک بھارت تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر اسحٰق ڈار نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے موجود صورتحال پر بات ہوئی اور انہیں پہلگام واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں۔