نو مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان سمیت 32 کارکنوں پر فرد جرم عائد

کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبروتحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف نو مئی کے تیسرے مقدمے کی سماعت ہوئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 مئی 2025 12:16

نو مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان سمیت ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 مئی 2025ء ) کراچی میں نو مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان سمیت 32 کارکنوں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماء حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور راجہ اظہر سمیت 32 کارکنوں پر نو مئی کے تیسرے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت کیا جانب سے گواہوں کو طلب کرلیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبروتحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف نو مئی کے تیسرے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور راجہ اظہرسمیت 32 کارکنوں پر فرد جرم عائد کی، نو مئی کا یہ مقدمہ فیروزآباد پولیس نے درج کیا تھا، جس میں نامزد ملزمان میں حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، راجہ اظہر، فہیم خان، عالمگیر خان اور دیگر شامل ہیں، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے ریاست کیخلاف نعرے بازی کی، ملزمان نے لوگوں کو ریاست کیخلاف اکسایا۔

(جاری ہے)

ادھر راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں نو مئی واقعات کے مقدمات کی سماعت ہوئی، عدالت نے مزید 20 ملزمان کو سزائیں سنا دیں، عدالت نے ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو سزا پر عملدرآمد کی ہدایت بھی دے دی گئی، ملزمان نے دوران ٹرائل اقبال جرم کیا اور دفعہ 164 کے تحت اقبالی بیانات قلمبند کرائے، ملزمان 2 سال سے ضمانتوں پر رہا تھے، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ریلوے سٹیشن کی عمارت، کھڑکیوں، دروازوں، کمپیوٹرز اور سرکاری ریکارڈ کو جلا دیا اور شدید توڑ پھوڑ کی۔