امریکی فوج سے سینئر جرنیلوں کی تعداد 20 فیصد کم کرنے کا حکم

پیٹ ہیگستھ کا اس حوالے سے دستخط کردہ میمو امریکی میڈیا نے حاصل کرلیا

منگل 6 مئی 2025 15:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے امریکی افواج سے سینئر جرنیلوں کی تعداد 20 فیصد کم کرنے کا حکم دے دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگون کی سینئر قیادت کو حکم دیا کہ فوج میں فور اسٹار جنرلز اور ایڈمرلز کی تعداد میں کم از کم 20 فیصد کمی کی جائے۔پیٹ ہیگستھ کا اس حوالے سے دستخط کردہ میمو امریکی میڈیا نے حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

میمو میں پینٹاگون کو نیشنل گارڈ میں جنرل افسران کی تعداد میں 20 فیصد اور پوری فوج میں جنرل اور فلیگ افسران کی کل تعداد میں 10 فیصد کمی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق 2023 تک پوری امریکی فوج میں 37 فور اسٹار جنرلز اور ایڈمرل تھے۔اس وقت فوج میں تقریبا 900 جنرل اور فلیگ آفیسرز ہیں جن کا رینک ایک (ون) اسٹار یا اس سے زیادہ ہے۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے میمو میں لکھا کہ یہ کٹوتیاں اضافی جنرل اور فلیگ آفیسرز کے عہدوں کو کم کر کے قیادت کو بہتر بنانے اور اضافی عہدوں کو ہٹانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔