Live Updates

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی طر ف سے ثالثی کی پیشکش ،دراصل پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی ہے

منگل 6 مئی 2025 15:02

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی طر ف سے ثالثی کی پیشکش ،دراصل پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کی طرف سے پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش اوردونوں ملکوں کے درمیان قیام امن کیلئے ثالثی کی پیش کش دراصل پاکستان کے اصولی موقف کی تائید ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پہلگام واقعے کے فورابعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کیا اور اس واقعے کو بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی دھمکیاں دیں۔

بغیر کسی ٹھوس شواہد کے فوراپاکستان کے خلاف الزام تراشی سے بھارت کے خودساختہ فالس فلیگ آپریشن کا تاثر ملتا ہے ، جسے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا جواز بنانے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس واقعے کی غیرجانبدار تحقیقات کی پاکستان کی اپیل کو عالمی حمایت حاصل ہوئی، جس سے بھارتی بیانیہ بے نقاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی پاک بھارت کشیدگی کم کرنے اور قیام امن کیلئے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی۔

چین، ترکیہ اور ایران سمیت کئی ممالک نے پہلگام واقعے کی آزادانہ اورشفاف بین الاقوامی تحقیقات کے لیے پاکستان کی اپیل کی بھرپور حمایت کی ہے ۔اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور ہیومن رائٹس واچ جیسے عالمی ادارے بھی پاکستان کے مطالبے کی ہم آواز بن گئے ہیں۔بھارت کو عالمی سطح پر کوئی خاص حمایت نہ ملنے سے ہزیمت اور بین الاقوامی اصولوں سے انحراف پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔جانبداربھارتی میڈیا کی جانب سے اپنے شہریوں کو پاکستان کے بیانیے سے دور رکھنے کی کوششیں اس امر کی عکاسی ہوتی ہے کہ داخلی سطح پر بھی بھارت کی ساکھ کے زوال پذیر ہونے کا ادراک بڑھ رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات