Live Updates

ملتان، شہری پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلئے سڑکوں پر نکل آئے،پاکستان زندہ باد کے نعرے

بدھ 7 مئی 2025 10:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) بھارت کے بزدلانہ حملے پر پاک افواج کی بہترین اور منظم حکمت عملی سے دشمن کو منہ توڑ جواب کے بعد دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے۔پرانا شجاع آباد روڈ ، وہاڑی روڈ ،خانیوال روڈ اور دیگر مقامات پر ملتانیوں کا جوش دیدنی تھا۔

(جاری ہے)

شہری محمد عاصم نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ مل کر بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔تاجر برادری نے بھی اپنی بہادر پاکستانی فوج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جان لے کہ ہمارے غیور عوام اور افواج اپنے ملک کا دفاع جانتے ہیں۔شیراز رفیق اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری سرحدوں کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ڈاکٹر خلیل احمد کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک ایک سپاہی اور شہری اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتا ہے۔نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے طالبعلم کاشف نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی بہادر فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام نوجوان اپنے ملک کی حفاظت کےلئے تیار ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات