Live Updates

پاکستانی قوم ملک کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی‘رانا جمیل منج

بدھ 7 مئی 2025 15:03

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ بھارت نے بلا اشتعال شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ناصرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی توہین کی ہے، پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا اور اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار اور اہل ہیں، بھارت کے بزدلانہ اقدامات سے ایک فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں، جو اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے علاقائی امن و سلامتی کو دا پر لگانے کے لئے تیار ہے۔رانا جمیل منج نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور ہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے متحد ہے اور ملک کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات