Live Updates

پاکستان ٹیکس بار نے ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر صدر مملکت کوتحفظات پر مبنی خط ارسال کر دیا

ٹیکس دہندگان کے حقوق سلب ،سرمایہ کاری کے ماحول پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب ہونگے

بدھ 7 مئی 2025 15:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2025پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو اپنے سنگین تحفظات سے آگاہ کرنے کیلئے خط ارسال کر دیا ۔ پاکستان ٹیکس بار کے صدر انورکاشف ممتاز،سینئر نائب صدور زاہد عتیق چودھری،فاروق مجید ،نائب صدور عاشق علی رانا،طاہر بشیر مغل،ملک صولت ستار،جنرل سیکرٹری ریحان صدیقی،جوائنٹ سیکرٹری سید عرفان حیدر اور سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ مذکورہ ٹیکس ترمیمی آرڈیننس ٹیکس دہندگان کے حقوق سلب کرنے اور ملک کی سرمایہ کاری کے ماحول پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب کرے گاجسے فوری واپس لیا جائے ۔

پہلے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کی آزادی کو محدود کردیا گیا اب متنازعہ ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس دہندگان کے حقوق کو سلب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے عدالتوں میں پڑے کیسز میں 2700ارب کی ٹیکس وصولی کے لیے اپیل سسٹم کو تبدیل کیا گیا جس سے ٹیکس دہندگان کو ہائیکورٹ کی فیس 50ہزارروپے اور متنازعہ رقم کو 30فیصد جمع کرانے کا حکم ملا جو بہت سخت فیصلہ تھا ۔

سوال ہے آج تک کتنی ٹیکس وصولی ہوئی اورحکومت کو کیا فائدہ ہوا جس کا کوئی جواب نہیں البتہ ان اقدامات کے نتیجے میں830ارب کا شارٹ فال ضرور ہوا،اب بھی 830ارب کے شارٹ فال کو متنازعہ ٹیکس ترمیمی آرڈیننس سے پورا نہیں کیا جا سکتا بلکہ کاروبارزندگی تھم جائے گی اور بینکس خالی ہوجائیں گے۔خط میں مطالبہ کیا گیا کہ دو مئی کے جاری ترمیمی آرڈیننس کو ملکی سلامتی خوشحالی اور معاشی استحکام کی خاطرواپس لیا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کااعتماد بحال ہو سکے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات