Live Updates

پیرصبغت شاہ راشدی شہید ڈگری کالج سانگھڑ کیجانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی منعقد

بدھ 7 مئی 2025 17:39

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) پیر صبغت شاہ راشدی شہید بوائز ڈگری کالج سانگھڑ کی جانب سے حالیہ بھارتی بزدلانہ کارروائی اور سرحدی کشیدگی کے خلاف اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت کالج کے پرنسپل پروفیسر نواز کنبھر نے کی، جبکہ اساتذہ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ریلی بوائز ڈگری کالج سے شروع ہوکر نواب شاہ روڈ تک نکالی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پاک فوج کے حق میں بینرز، پلے کارڈز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر حب الوطنی سے بھرپور نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل نواز کنبھر اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارتی افواج کی بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب پاک فوج نے دے کر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سپاہِ وطن کے حوصلے بلند ہیں۔ اس موقع پر طلباء نے بھی پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پرجوش نعرے لگائے۔ ریلی کا اختتام قومی ترانے کی گونج میں ہوا۔ کالج انتظامیہ اور اساتذہ نے طلباء کی حب الوطنی اور قومی شعور کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوان نسل میں جذبۂ حب الوطنی کو پروان چڑھاتے ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات