بھارت نے بلاوجہ پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر میں نہتے شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا،ملک محمد اسحاق

بدھ 7 مئی 2025 18:14

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)صدر پاکستان پیپلزپارٹی پالیسیز و منصوبہ بندی خلیج ومشرق وسطیٰ ملک محمد اسحاق نے بھارت کی پاکستان پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اور بین الاقوامی طاقتوں کے واضح انتباہات کے باوجود بھارت نے پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں سویلین آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔بھارت نے بلاوجہ پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر میں نہتے شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا ہے۔ اس سے پہلے بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں پر گذشتہ ماہ سے ظلم و ستم میں اضافہ کردیا ہے اور اب بھارت پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر پر بلاوجہ حملہ آور ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان پر حملہ ایسے وقت کیا ہے کہ گذشتہ دنوں سے مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے کئی بے گناہ لوگوں کو جبراً بے دخل کرکے آزاد جموں وکشمیر کی سرحد پر چھوڑ رہا ہے، جو ایک انتہائی مذموم اقدام ہے۔ ان افراد میں بعض ایسی عمررسیدہ خواتین بھی شامل ہیں جو پچاس پچاس پہلے شادی کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر گئی تھیں۔

عالمی برادری کو فوری طور پر بھارت کی پاکستان پر جارحیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر مظالم کو روکنا ہوگا، کیونکہ بھارت پر جنگی جنون سوار ہے، وہ خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی مذمت کریں اور اسے اس کی جارحانہ کارروائیوں سے باز رکھیں۔انھوں نے کہا کہ اصل مسئلہ خطہ کشمیر کا ہے جو ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے ایک بڑے حصے پر بھارت نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور وہ اس قبضے کو مستقل کرنا چاہتا ہے۔عالمی برادری کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔