Live Updates

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائیوں میں ایل او سی پر بھارت کی کئی چیک پوسٹیں تباہ

لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں؛ سکیورٹی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 مئی 2025 16:14

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائیوں میں ایل او سی پر بھارت کی کئی چیک ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی 2025ء ) پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائیوں میں ایل او سی پر بھارت کی کئی پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور پاک فوج نے چری کوٹ کے بالمقابل جبڑی پوسٹ کو بھی تباہ کردیا ہے، پاکستانی کارروائی کے نتیجے میں پوری پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی جس پر بھارتی فوج کے جوان بھاگنے پر مجبور ہوگئے، پوسٹ کے تباہ ہونے کے بعد دھواں نکلنے کے مناظر بھی بخوبی دیکھے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پونچھ سیکٹر میں ہیڈ کوارٹر 93 بریگیڈ بھی تباہ ہوگئی، 12 بریگیڈ اڑی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کو منہ کی کھانی پڑی، بھارتی جارحیت کا جواب پاک فوج بھرپور طریقے سے دے رہی ہے جس کے نتیجے میں جورا سیکٹر لوک، چھتری اور گفدار پوسٹیں، خاکی ٹیکری پوسٹ، دھرمسل 1 اور 2 پوسٹیں (بٹل سیکٹر)، شاہپور میں پوسٹ 3، سرلیا ون چیک پوسٹ (کوٹ کٹھیرا سیکٹر) تباہ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کے جواب اور اپنے دفاع میں بھارت کے 5 طیارے اور ایک لڑاکا ڈرون کو مار گرایا ہے، گرائے گئے بھارتی جنگی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل ہے، اس کے علاوہ ایک ہیرون لڑاکا ڈرون بھی شامل ہیں، ایک بھارتی طیارہ جنرل ایریا بھٹنڈا، ایک جموں، 2 اونتی پور، ایک اکھنور اور ایک سری نگر میں گرایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک بات بتانا انتہائی ضروری ہے کہ پاکستان ایئرفورس نے ان طیاروں کو اس وقت گرایا جب انہوں نے پاکستان کو نشانہ بنایا، ان طیاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب انہوں نے بلاجواز و بلاضرورت اشتعال انگیزی کرتے ہوئے پاکستان کی علاقائی سالمیت کو پامال کیا اور پاکستان کے شہریوں کو نقصان پہنچایا، یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چاہتیں تو دشمن کے 10 سے زائد طیارے بھی گراسکتی تھیں مگر ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا، دشمن کے کسی طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا گیا اور نہ ہی کوئی پاکستانی طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات