پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت افسوسناک اور شرمناک فعل ، دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں: عالمی برادری

بدھ 7 مئی 2025 21:38

واشنگٹن ، بیجنگ ، عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2025ء) امریکہ ، چین سمیت عالمی برادری نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں۔ علاقائی یا عالمی امن امن کے لئے خطرہ بننے والے اقد امات سے گریز کیا جائے ۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک پر سکون رہیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں، بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے، پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت افسوسناک ہے، ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونی مینول نے پاک بھارت جنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں ا انہوں نے کہا تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے دونوں ممالک سے مطالبہ ہے کہ دونوں ممالک زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ دریں اثنا متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی یا عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

یو اے ای کے وزیر خارجہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال حساس نوعیت کی ہے اور اس کا واحد پائیدار حل سفارتکاری اور بات چیت سے ہی ممکن ہے، پاکستان اور بھارت کو چاہیے کہ وہ تنازع کو مزید بڑھانے کے بجائے امن کی راہ اختیار کریں تاکہ خطے میں استحکام قائم رہے۔شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ یو اے ای ہمیشہ سے خطے میں امن و استحکام کا داعی رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے بھی بھارت کے پاکستان پر حملے کو شرمناک قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ، انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف بھارت کے حملے بارے میں سنا ہے جو ایک شرمناک عمل ہے ۔ دوسری جانب پاکستان کے بھارتی جارحیت کے بھرپور جواب کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا اور عرب دنیا سے کشیدگی کم کرانے کے لیے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے عرب ممالک بالخصوص متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کر کے درخواست کی کہ وہ پاکستان پر اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کشیدگی کو کم کرائیں۔

ذرائع کا کہنا کہ بھارت نے عرب دنیا کے حکمرانوں سے پاک بھارت تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے تاہم پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینا اس کا حق ہے اور وہ اپنے دفاع میں کسی دباو کو قبول نہیں کرے گا۔