وانا، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر فاتح سے والد کی لاتعلقی، حکومت کو ڈرون حملے کی اجازت دے دی

بدھ 7 مئی 2025 20:15

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)جنوبی وزیرستان وانا کے اہم اور حکومت کو مطلوب کمانڈر فتح اللہ عرف فاتح سے اس کے والد بسم اللہ جان نے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔بسم اللہ جان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کا بیٹا 2020 میں افغانستان فرار ہوگیا تھا اور وہاں جا کر ٹی ٹی پی سے وابستہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی افغانستان گئے اور بیٹے کو سمجھایا کہ وہ ہتھیار ڈال کر پاکستانی حکومت کے سامنے سرنڈر کرے، مگر اس نے نہ صرف انکار کیا بلکہ ان پر جاسوسی کا الزام لگا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔بسم اللہ جان کے مطابق انہوں نے سٹی تھانہ وانا میں فاتح سے لاتعلقی کا باقاعدہ ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے جبکہ 2024 میں سکاوٹس فورس کو بھی تحریری طور پر اطلاع دی کہ ان کا بیٹے سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنے حالیہ ویڈیو بیان میں بسم اللہ جان نے حکومت اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے سے کسی قسم کا تعلق جوڑا نہ جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر فاتح ان کے ساتھ پایا گیا تو حکومت کو اختیار ہے کہ ان پر اور ان کے خاندان پر ڈرون حملہ کرے۔بسم اللہ جان نے مزید کہا کہ فاتح کے خلاف جو بھی اقدام حکومت اور عوام کریں گے، اس میں ان کا کوئی تعلق نہ ہوگا۔