نیلم جہلم پر حملے کے بعد پاکستان کو جواب دینے کا حق مل گیا‘ جماعت علی شاہ

پاکستان کو اخلاقی و قانونی جواز حاصل ہو گیا وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ڈیمز کو نشانہ بنا سکتا ہے بھارت مثال قائم کر رہا ہے، نتائج توقع سے ہٹ کر ہوں گے، سابق انڈس واٹر کمشنر کی گفتگو

جمعرات 8 مئی 2025 12:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)پاکستان کے سابق انڈس واٹر کمشنر سید جماعت علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت نے خود کھڑکی کھڑکا دی ہے، نیلم جہلم ہائیڈرالک اسٹرکچر پر حملے کے بعد پاکستان کو حق مل گیا ہے کہ بھارت نے جو مقبوضہ کشمیر میں ڈیم بنائے ہیں پاکستان بھی ان پر حملے کرسکتا ہے، بھارت جو مثال قائم کر رہا ہے اس کے نتائج وہ نہیں ہوں گے جن کی لوگ توقع کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق انڈس واٹر کمشنر سید جماعت علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرالک اسٹرکچر پر حملہ انتہائی سنگین اقدام ہے جس کے بعد پاکستان کو یہ اخلاقی و قانونی جواز حاصل ہو گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ڈیمز کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے خود کھڑکی کھڑکا دی ہے اور جو مثال وہ قائم کر رہا ہے، اس کے نتائج وہ نہیں ہوں گے جن کی لوگ توقع کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی جیسے حساس مسئلے پر جارحانہ کارروائی کرنا نہ صرف سندھ طاس معاہدے بلکہ بین الاقوامی ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور اگر بھارت نے یہ روش جاری رکھی تو اس کا ردعمل خطے میں غیر متوقع اور شدید ہو سکتا ہے۔سید جماعت علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، مگر بھارت کی حالیہ کارروائیوں نے خطے کو تصادم کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے 1948 میں پہلی بار پاکستان پر آبی جارحیت کی تھی، جس کے بعد پاکستان کے پاس محدود آپشنز تھے۔ تاہم، اب حالات مختلف ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ انڈس واٹر معاہدے کے معاملے پر بھارت کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے گا۔ سفارتی دبا ئوکے ذریعے بھارت کو باور کرانا ہوگا کہ اگر معاہدے میں کوئی مسئلہ ہے تو اس کا حل بات چیت اور دستاویزی بنیاد پر نکالا جائے۔