مودی نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا،ہماری افواج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں،عامر ڈوگر

جمعرات 8 مئی 2025 14:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) قومی اسمبلی میں جمعرات کو بھی پہلگام حملے سے پاکستان کا تعلق جوڑنے کی بے بنیاد کوششوں اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اعلان اور پاکستان کے مختلف شہروں پر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث جاری رہی اس دوران ارکان نے رات کی تاریکی میں انڈیا کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے کو سراہا ہے، جس میں دشمن اپنے 5 طیارے گنوا کر زخم چاٹ رہا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی صدارت میں شروع ہوا تو تحریک انصاف کے چیف وہیپ عامر ڈوگر نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کے قصائی مودی نے رات کے اندھیرے میں ملک پہ حملہ کیا،ہماری افواج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنی قیادت کی ہدایت پر ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم نے قومی یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔رکن قومی اسمبلی محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا،افواج پاکستان نے جس انداز میں جواب دیا وہ تاریخ میں یاد رہے گااس حملے میں شہید ہونے والوں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔