Live Updates

پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کر نے کابیان، ملالہ یوسف زئی کو تنقید کا سامنا

آپ سے کون مشورہ مانگ رہا ہے ، کئی صارفین نے ملالہ کو بکائو قرار دیدیا

جمعرات 8 مئی 2025 17:18

پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کر نے کابیان، ملالہ یوسف زئی کو تنقید کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)نوبیل انعام یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کو بھارتی جارحیت اور پاکستان پر حملوں کی مذمت کرنے کے بجائے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کا بیان دینے پر تنقید کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسف زئی نے اپنی ایکس پوسٹ میں بھی دونوں کے حکمرانوں سمیت پڑوسی ممالک اور عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے کوششیں کریں۔

انہوں نے غربت، انتہاپسندی، دہشت گردی اور تعلیم کی کمی کو پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک کا مشترکہ دشمن قرار دیا اور انہیں ان سے متحد ہوکر نمٹنے کی تلقین بھی کی۔علاوہ ازیں ملالہ یوسف زئی نے برطانوی نشریاتی ادارے اسکائے نیوز سے بات کرتے ہوئے بھی پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیا۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسف زئی نے بھارتی حملے کی واضح مذمت کرنے سے گریز کرتے ہوئے دونوں ممالک میں عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی۔

نوبیل انعام یافتہ کارکن نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں، جن کے پیارے اس کشیدگی میں چل بسے، انہوں نے واضح طور پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملوں میں عام شہریوں اور بچوں کے شہید ہونے پر اظہار افسوس نہیں کیا۔انہوں نے عالمی برادری سمیت پڑوسی ممالک کو بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کریں، جنگ خطے کے لیے کسی طرح بھی فائدہ مند نہیں۔

ملالہ یوسف زئی کی جانب سے بھارتی مظالم اور جارحیت کی مذمت نہ کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ انہیں پہلے ہی یقین تھا کہ ملالہ یوسف زئی ایسا ہی بیان دیں گی اور یہ کہ ان کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں، ان سے کوئی مشورے نہیں مانگ رہا۔بعض مداحوں نے انہیں بکائو بھی قرار دیا اور لکھا کہ وہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرنے کے بجائے غیر اہم اور غیر ضروری بات کر رہی ہیں، کچھ افراد نے انہیں خاموش رہنے کا مشورہ بھی دیا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات