این پی سی آئی ایچ اے کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی

جمعرات 8 مئی 2025 17:43

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (این پی سی آئی ایچ اے ) کی جانب سے محمدی چوک سے پریس کلب ٹنڈوآدم تک بھارت کے خلاف احتجاج اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُرجوش ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت این پی سی آئی ایچ اے کے صوبائی نائب صدر مظہر چانڈیو، دانیال خلجی، گل بہار خاصخیلی، ناصر قریشی، رانا صداقت اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کی مذمت اور افواجِ پاکستان کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے صرف پاکستان کی سرزمین پر نہیں، بلکہ ہر محب وطن پاکستانی کے دل پر حملہ ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ دشمن یہ بھول چکا ہے کہ پاکستانی قوم ایک زندہ اور غیور قوم ہے جو ہر بار اپنی جان کا نذرانہ دے کر اس وطن کا دفاع کرتی ہے۔

یہ حملے نہ صرف جنگی جارحیت ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستانی قوم اپنی عظیم اور دلیر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، اور وقت آنے پر ہر فرد سپاہی بن کر وطن کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے، اور اس پر میلی آنکھ ڈالنے والوں کو ہم خاک میں ملا دیں گے۔ ریلی کا اختتام قومی نغموں اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعروں کے ساتھ کیا گیا۔