Live Updates

ہمارے شاہینوں نے دشمن کے رفائل طیارے گرا کربھارت کے غرورکوخاک میں ملا دیا، وزیراطلاعات

جمعرات 8 مئی 2025 19:40

ہمارے شاہینوں نے دشمن کے رفائل طیارے گرا کربھارت کے غرورکوخاک میں ملا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے رفائل طیارے گرا کر بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا، پوری قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت کو سفارتی محاذ، عسکری اور بیانیہ کی جنگ میں شکست فاش ہوئی ہے، دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے گئے ہیں۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں جذبہ حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم ہوئی ہے، ایوان سے اتحاد و اتفاق کا پیغام گیا ہے، اپوزیشن کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پوری دنیا میں پیغام گیا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، رفائل جیٹس جن پر بھارت کو ناز تھا، انہیں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے گرا کر دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا۔ جس نیت اور ارادے سے دشمن نے پاکستان کی طرف دیکھا، اسے ہزیمت اٹھانی پڑی۔ بھارتی قوم کا مورال بھی گرا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے شاہینوں نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا، ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی مرتبہ بھی بھارت کو ’’فنٹاسٹک ٹی ‘‘پلائی تھی، اس مرتبہ دشمن بھاگ گیا اور چائے کی ’’ہوم ڈلیوری‘‘ کرنی پڑی۔ اب بھارت نے اپنی خفت مٹانے کیلئے بغیر پائلٹ ڈرونز سے حملے شروع کئے ہیں تاہم ہم نے بھارت کے 25 ڈرونز گرائے ہیں، کچھ کو سافٹ ہٹ اور کچھ کو ہارڈ ہٹ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، یہ ہمارے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم کی کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی میڈیا رفائل طیاروں کا ملبہ دکھا رہا ہے، جو ہماری فتح کا اعتراف ہے،وہ چاہتے تھے یہ حقیقت چھپی رہے لیکن ملبہ چھپایا نہیں جا سکتا۔ اب بھارت سو بہانے کرے لیکن دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان نے ان کے جہاز گرا دیئے۔ ہم نے جو ڈرونز گرائے ہیں وہ ہماری ’’وار ٹرافیاں‘‘ہیں جنہیں ہم میوزیم میں رکھیں گے اور اپنی نسلوں کو بتائیں گے کہ دشمن کے پائلٹس نے جب جہاز اڑانے سے انکار کیا تو اس نے بغیر پائلٹ ڈرونز بھیجنے شروع کیے جنہیں مار گرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ میں پاکستان کی برتری واضح ہو چکی ہے،ہماری مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں، لائن آف کنٹرول پر پاک افواج نے نہ صرف بھارت کے 40 سی50فوجی ہلاک کئے بلکہ دشمن کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی اڑا دیا۔ بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو اڑانا بہت بڑی عسکری کامیابی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی، عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا تاہم پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔

ہم نے ان کے جہاز گرائے، ملٹری تنصیبات تباہ کیں اور دشمن کو فیصلہ کن نقصان پہنچایا، اس موقع پر پوری قوم جاگ رہی تھی اور ہم بین الاقوامی میڈیا کو مسلسل حقائق سے آگاہ کر رہے تھے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب بھارت کی جانب سے سفید جھنڈا لہرایا گیا تو یہ پاکستان کی فتح تھی، دشمن کے حوصلے جواب دے گئے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے سکھ برادری کے خلاف بھی اقدامات کیے ہیں، حتیٰ کہ اس کا اپنا ڈرون سکھوں کے گوردوارے پر گرا۔

دنیا بھر سے سکھ برادری نے واضح کر دیا ہے کہ کوئی سکھ پاکستان کے خلاف نہیں لڑے گا۔ بھارت اپنی اقلیتوں کو نشانہ بنا کر مذموم عزائم حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے گھنائونے عزائم دنیا سے چھپے نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ اور پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشنز کو جواز بنا کر پاکستان پر حملے کی کوشش کی لیکن اب وہ بیانیہ کی جنگ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، وہ پہلگام واقعہ کا جھوٹا الزام پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے جبکہ اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے اور تحقیقات سے بھی بھاگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 9 لاکھ قابض فوج موجود ہے، سوال یہ ہے کہ جن دہشت گردوں کا الزام بھارت پاکستان پر لگا رہا ہے وہ اتنی بڑی فوج کی موجودگی میں پہلگام کیسے پہنچ گئی کیا9لاکھ فوج صرف کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھانے کے لیے رکھی ہوئی ہی وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے، ہم نے 90 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

ہمارے شہدا کی فہرستیں ہمارے لئے اعزاز ہیں۔ جب بھارت نے سویلینز کو نشانہ بنایا تو اے پی ایس کی یاد تازہ ہو گئی۔ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ بھارتی جارحیت کا ہر سطح پر جواب دیا جائے گا۔ عطائ اللہ تارڑ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔ بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا لیکن ہم خود طے کریں گے کہ کب اور کیسے۔ بھارت نہ عسکری محاذ پر، نہ سفارتی میدان میں، نہ بیانیے کی جنگ میں کامیاب ہو سکا۔ اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات نے جذبہ حب الوطنی سے لبریز اشعار بھی پڑھے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات