پوری پاکستانی قوم سپہ سالار حافظ عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو نیست و نابود کرنے کیلئے تیار ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعرات 8 مئی 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) پاکستانی قوم اپنے سپہ سالار حافظ عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو ہمیشہ کے لیے نیست و نابود کرنے کے لیے تیار ہے ، پاکستان کا ہر شہری اپنے وطن کی حفاظت کیلئے اپنے سر پہ کفن باندھ کر شہادت کی تمنا کر رہا ہے ، جذبہ ایمانی ،جذبہ شہادت سے سرشار قوم کا مودی مقابلہ نہیں کر سکتا ہے ، پاکستانی قوم بلند حوصلہ بے خوف دشمن کا غرور خاک میں ملیا میٹ کر کے نئی تاریخ رقم کریگا ۔

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں سویلین آبادی مساجد ،تعلیمی درسگاہوں ،ہسپتالوں پر گولہ باری کرنے اور نہتے معصوم شہریوں کی شہادت پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سیالکوٹ باؤنڈری لائن کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری افواج دنیا کی عظیم ترین پیشہ ور اور ایمانی قوت سے سرشار فوج ہے اور ہمارا سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر آج پوری قوم کا ناقابل تسخیر اعتماد ہے، پوری پاکستانی قوم اُن کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی وطن پر نچھاور کرنے کو تیار ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن اگر جنگ چاہتا ہے، تو سن لے، ہم امن کے علمبردار ضرور ہیں مگر میدانِ جنگ میں بدر کے وارث ہیں ۔انہوں نے بھارتی حکمرانوں کو للکار کر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تمہارے ٹینک ہوں یا توپیں، ہماری غیرت ایمانی کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتے ،ہم تمہارے ناپاک عزائم خاک میں دفن کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج صرف بارڈر کا مسئلہ نہیں، یہ 22 کروڑ پاکستانیوں کی غیرت، ایمان اور بقاء کا مسئلہ ہے اور یہ قوم وہی ہے جس نے پوری دنیا میں سب سے بڑا دشمن کے ٹینکوں کا قبرستان بنا کر دشمن کو ننگے پاؤں بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے نوجوان سپاہی کارروائی کرتے ہیں پھر امن کی دیوی سفید ساڑھی پہن کر صندور لگا کر درد سے کراہتے ہوئے چیخ چیخ کر ہندوتوا ، ہندوتوا الاپتی ہے ۔