پہلگام واقعے کے بعد بغیر ثبوت بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا‘ مرضی اور اپنے وقت پر جوابی کاروائی کا حق محفوظ رکھتے‘ پاکستانی سفیر

جمعرات 8 مئی 2025 22:05

ر*واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2025ء)امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت بھارت کی جانب سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے‘ہم اپنی مرضی اور اپنے وقت پر جوابی کاروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں‘ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں‘عالمی برادری کو جموں و کشمیر کے متنازعہ مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے معروف امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز اور پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کی بزدلانہ کاروائی کے جواب میں حکومت پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا اور کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت بھارت کی جانب سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جارحیت لاقانونیت پر مبنی رویے کی عکاسی کرتی ہے۔

عالمی برادری نے پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کے مطالبے کا خیر مقدم کیا۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے بھرپور دفاعی کاروائی کی‘قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں یہ بات واضح ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ہم اپنی مرضی اور اپنے وقت پر جوابی کاروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں‘ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری کو جموں و کشمیر کے متنازعہ مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔دنیا کی بڑی طاقت ہونے کے ناطے امریکہ اور صدر ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کی 1.6 ارب آبادی مسئلہ کشمیر سے متاثرہوتی ہے لہذا اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے۔