وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول کے تین سیکٹرز پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ

پاک فوج کے بھرپور جواب پر دشمن کی چیک پوسٹوں میں خاموشی ہوگئی،ذرائع

جمعرات 8 مئی 2025 23:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول کے تین سیکٹرز پر بھارت نے دراندازی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے وادی نیلم میں کیل، کیرن اور ددھیال کے سیکٹرز پر پاکستان پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بروقت اور بھرپور جواب دیا جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق گولہ باری سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔نیلم کے ڈپٹی کمشنر نے بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں سے محفوظ اور محتاط رہنے کی اپیل کی اور انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دشمن کو شکست دیں۔