Live Updates

موجودہ سرحدی صورتحال میں عوام اتحاد، ہوش مندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،فیصل کامران

جمعہ 9 مئی 2025 13:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور اور موثر جواب دے رہی ہیں اور ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں ۔جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ ملکی و سرحدی صورتحال میں عوام اتحاد، ہوش مندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ہم سب پاکستانی ہیں، ایک متحد قوم ہیں، دشمن پرانی ویڈیوز کو موجودہ حالات سے جوڑ کر خوف و ہراس پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی کسی بھی نقل و حرکت کی ویڈیو نہ بنائی جائے اور غیر مصدقہ معلومات سوشل میڈیا پر ہرگز شیئر نہ کی جائیں، صرف مستند سرکاری ذرائع پر اعتماد کیا جائے۔فیصل کامران نے شہریوں سے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہجوم نہ بنائیں، انخلا کے وقت اطمینان اور ضبط کا مظاہرہ کریں اور افواہوں سے گریز کریں ۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ لاہور پولیس مسلسل فرضی مشقیں (موک ایکسرسائز) اور پٹرولنگ کر رہی ہے تاکہ شہریوں میں اعتماد اور تحفظ کا احساس برقرار رہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات