ڈبے کے دودھ کا معیار غیر تسلی بخش، ڈرگ کورٹ کا ٹیسٹ لیبارٹری بنانے کا حکم

جہاں ادویات کی جانچ کی جاتی ہے وہیں بچوں کے دودھ کی بھی جانچ کی جائے ‘ چیئرمین ڈرگ کورٹ

جمعہ 9 مئی 2025 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)چیئرمین ڈرگ کورٹ محمد نوید رانا نے بچوں کے ڈبے کے دودھ کی غیر معیاری فروخت اور ٹیسٹنگ لیبارٹری کی عدم دستیابی کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔فیصلے میں ڈائریکٹر ڈریپ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈبے کا دودھ بنانے والی فیکٹریوں کے لائسنس ازسرنو چیک کیے جائیں۔ مزید برآں چیف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی، ڈریپ اور متعلقہ محکمے کو فوری طور پر بچوں کے دودھ کی جانچ کے لیے ٹیسٹ لیبارٹری قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ 2015کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سالانہ 55لاکھ اور روزانہ تقریباً 14,900بچے پیدا ہوتے ہیں،اس پس منظر میں بچوں کو دئیے جانے والے ڈبے کے دودھ کی معیاری جانچ ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا ڈبے پر درج وٹامنز کی فہرست واقعتا دودھ میں شامل بھی ہوتی ہی ۔عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جہاں ادویات کی جانچ کی جاتی ہے، وہیں بچوں کے دودھ کی بھی جانچ کی جائے اور یہ بھی دیکھا جائے کہ کہیں جعلی لیبل لگا کر غیر معیاری دودھ تو فروخت نہیں ہو رہا۔

چیئرمین ڈرگ کورٹ نے اپنے چار صفحات پر مشتمل فیصلے کی نقول حکومت پنجاب اور دیگر متعلقہ ہیلتھ افسران کو بھی بھجوا دی ہیں اور کہا کہ صحت مند نسل کے لیے معیاری دودھ کی فراہمی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔