وطن عزیز کا دفاع نہ صرف قومی فریضہ ہے بلکہ ہمارا دینی و ایمانی حق بھی ہے،جمعیت کے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد نعیم

جمعہ 9 مئی 2025 20:05

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر 9 مئی کو ملک بھر کی طرح ضلع لسبیلہ میں بھی یوم دفاعِ وطن عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام لسبیلہ کے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد نعیم رونجھو، ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا عبد الحمید عارف، سرپرست اعلیٰ مفتی اعظم لسبیلہ مولانا مفتی اللہ بخش گنگو، مولانا عبد الحلیم گنگو، مولانا مفتی محمد سعید، مولانا اللہ بخش سعیدی، حافظ ثناء اللہ، مفتی نور احمد گنگو، مولانا عبد الرحمن صابرہ، مولانا عبد الرزاق گنگو، مولانا محمد یونس نعمانی، مولانا محمد یامین خاصخیلی، حافظ حسین احمد مدنی اور دیگر علمائے کرام و خطباء نے مختلف جمعہ اجتماعات سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے ہندوستان کی جانب سے جاری جارحانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یوم دفاع وطن کے حوالے سے قرار دادیں پیش کیں، جنہیں شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع نہ صرف قومی فریضہ ہے بلکہ ہمارا دینی و ایمانی حق بھی ہے۔علمائے کرام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج جرات اور بہادری کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں مصروف ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا جواب پوری قوت اور یکجہتی کے ساتھ دیا جائے گا۔ قوم متحد ہے اور دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔اجتماعات کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔