Live Updates

جمعیت علماء اسلام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

وقت آنے پر ہمارے رضاکار ہر اول دستے کے طور پر دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر کھڑے ہوں گے،جمعیت کے صوبائی امیر

جمعہ 9 مئی 2025 22:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)جمعیت علماء اسلام بلوچستان نے قائد مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر جمعہ کویومِ دفاعِ صوبے میں انتہائی ولولے، جوش و خروش اور عزمِ صمیم کے ساتھ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں منایا ہر ضلع کی مساجد میں آئمہ کرام نے اپنے خطابات کے دوران بھارت کی بلااشتعال جارحیت، شرپسندی اور ناپاک عزائم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے مساجد و مدارس پر حملے اس کی اسلام دشمنی، دہشت گرد ذہنیت اور فرقہ وارانہ تعصب کا کھلا ثبوت ہیں۔

آئمہ کرام اور علما نے خطابات میں کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارت ایک متعصب، فسطائی اور اسلام دشمن ریاست کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کی پالیسیوں سے صرف مسلمان نہیں، بلکہ پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کا مؤقف ہے کہ یہ حملے نہ صرف اسلامی شعائر کی توہین ہیں، بلکہ عالمی امن کے خلاف اعلانِ جنگ کے مترادف ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے متعدد اضلاع میں ہزاروں کارکنان اور عوام الناس نے احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی، جہاں "بھارت کا ظلم نامنظور"، "مودی مردہ باد"، "اسرائیل مردہ باد" جیسے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان اعلان کرتی ہے کہ پندرہ مئی کو کوئٹہ میں ہونے والا "ملین مارچ" تاریخ رقم کرے گا۔ یہ مارچ صرف ایک سیاسی مظاہرہ نہیں بلکہ ایک عالمی پیغام ہوگا کہ اسلام دشمن طاقتیں، چاہے وہ بھارت ہوں یا اسرائیل، جب تک اسلام کے خلاف اپنی سازشوں سے باز نہیں آئیں گی، ہم ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کریں گے یہ مارچ مودی اور اسرائیل کے خفیہ گٹھ جوڑ کو بینقاب کرے گا، اور دنیا کو باور کرائے گا کہ یہ دونوں ریاستیں دہشتگردی اور مذہبی منافرت کی علمبردار ہیں۔

ان کا ایجنڈا مسلم دنیا میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔اندھیر نگری چوپٹ راج اب مزید نہیں چلے گا ط ہر ظلم کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا"جو وطن کے خلاف اٹھے گا، مٹا دیا جائے گا ط جو اسلام کے خلاف سازش کرے گا، صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے دوٹوک بیان میں کہا جمعیت علماء اسلام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وقت آنے پر ہمارے رضاکار ہر اول دستے کے طور پر دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر کھڑے ہوں گے۔

جب بھارت نے اپنی ناپاک جارحیت کا آغاز کیا، ہمارے کارکنوں نے نہ صرف زخمیوں کی فوری امداد کی بلکہ خون دے کر قوم پرستی اور وفاداری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔انہوں نے مزید کہا فواج پاکستان ہماری عزت، حرمت اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں۔ ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ دشمن اگر میلی آنکھ سے بھی وطنِ عزیز کی جانب دیکھے گا، تو ہم اس کی آنکھ نکال لیں گے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات