محکمہ اینٹی کرپشن نے میانوالی میں محکمہ ایگریکلچر انجینئرنگ کے کلرک کورشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا

ہفتہ 10 مئی 2025 15:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) محکمہ اینٹی کرپشن نے میانوالی میں محکمہ ایگریکلچر انجینئرنگ کے کلرک کورشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔منور حیات جونیئر کلرک نے ریکارڈ کی کاپیاں دینے کے لیے 5ہزارروپے رشوت وصول کی تھی۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ناصر عزیز خان، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن میانوالی کی سربراہی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجسٹریٹ کی نگرانی میں ملزم کو5ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

سہیل ظفر چھٹہ، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب اور حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نےمدثر حنیف بھٹی، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کی نگرانی میں ڈویژن بھر میں کرپٹ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کیا ہوا ہے اورروزانہ کی بنیاد پر کرپٹ عناصر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

رفیع اللہ نے درخواست گزاری کہ وہ محکمہ ایگریکلچر انجنیئرنگ میں بطورکئیر ٹیکر سکیورٹی انچارج کام کر رہا تھا اوراس پر مقدمہ درج ہونے کی بنا پر اس کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا اس نے صدر پاکستان کو بحالی نوکری کے لیے اپیل دائر کر رکھی تھی جس پر صدر پاکستان نے محکمہ سے اس کی درخواست پر کمنٹس مانگے تھے جس کی کاپی لینے کے لیے متعلقہ کلرک منور حیات سے رابطہ کیا جس نے کمنٹس کی کاپی دینے کے لیے اس سے 5ہزار روپے رشوت طلب کی۔

جس پر ناصر عزیز خان، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن میانوالی نے حفیظ اللہ، جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ریڈ کر کے ملزم منور حیات جونئیر کلرک، ایگریکلچر انجنیئرنگ میانوالی کے قبضے سے5ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے موقع پر گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔