Live Updates

دشمن کی سازشیں ناکام، قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پیرارشد کاظمی

ہفتہ 10 مئی 2025 21:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2025ء)تحریکِ اہلِ سنت پاکستان صوبہ سندھ کے چیئرمین رابطہ کمیٹی، پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر مکمل اور غیر مشروط اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے کیے گئے حالیہ ڈرون حملے پاکستان میں غیر یقینی صورت حال پیدا کرنے کی ناکام کوشش ہیں جن کا مقصد قوم کو منتشر کرنا اور افواج و عوام کے درمیان اعتماد کو متزلزل کرنا ہے، مگر ان شاء اللہ پاکستانی قوم ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی عوام کو اپنے ریاستی اداروں پر پورا بھروسہ ہے اور پوری قوم مطمئن ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مضبوط ملک اور باصلاحیت فوج عطا ہوئی ہے، جو ہر میدان میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا رہی ہے۔

(جاری ہے)

پیر ارشد علی شاہ نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیارے، جن میں تین جدید رافیل شامل تھے، تباہ کر کے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ماضی میں دعویٰ کیا تھا کہ اگر ان کے پاس رافیل ہوتے تو انہیں ابھی نندن جیسے رسوائی آمیز انجام کا سامنا نہ کرنا پڑتا، مگر آج الحمدللہ پاکستانی فوج نے ان کے وہی رافیل طیارے گرا کر ان کی انا کو مٹی میں ملا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی کا خواب تھا کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر پاکستان کو دباؤ میں لائیں گے، لیکن پاک فوج نے ان کے ناپاک خواب کو چکناچور کر دیا۔

دشمن کی ہر چال کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے، مگر پاکستانی قوم جاگ چکی ہے اور ہر محاذ پر افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔پیر سید ارشد کاظمی القادری نے کہا کہ تحریکِ اہلِ سنت پاکستان کا ہر کارکن دین، ملک اور افواج پاکستان کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ افواہوں سے مکمل گریز کریں، اتحاد کا دامن نہ چھوڑیں اور وطن عزیز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے یک زبان اور یک جان ہو کر متحد رہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات