Live Updates

آپریشن بنیان مرصوص قومی وقار، یکجہتی اور دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہے، میرشعیب نوشیروانی

اتوار 11 مئی 2025 15:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانے میں ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں میرشعیب نوشیروانی نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص قومی وقار، یکجہتی اور دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے معاملے میں کسی بھی مہم جوئی کو برداشت نہیں کرے گا۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن دفاع وطن کے لیے ہر حد تک جانے کی صلاحیت اور ارادہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی مؤثر انداز سے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو بے نقاب کیا ہے۔

میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج، فضائیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ہر پاکستانی دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور ملکی دفاع کے لیے ان کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات