Live Updates

دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،حاجی گلبر خان

اتوار 11 مئی 2025 17:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے جس نے پاکستان کو سرخرو کیا ۔ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو شکست دینے پر افواج پاکستان خصوصاً سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام حالیہ دنوں میں جس اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بہادر افواج کیسا تھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے تھے اس کے بعد دشمن کو یقینی شکست ہونی تھی۔

افواج پاکستان نے جس انداز میں بھارت کا غرور خاک میں ملایا ، ان کے رافیل گرائے ، ان کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنا کر مودی کی نسلوں تک کو سبق سکھا دیا اس پر ہم سب اپنی بہادر افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کے عوام نے جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے وہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ملک کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطاء کرے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سیز فائر کا ہونا خوش آئند ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں بھارتی حکومت جارحیت اور دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے سے باز آئے گا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات