لاڑکانہ میں آپریشن "بنیان مرصوص" کے ذریعے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر ریلیاں

اتوار 11 مئی 2025 18:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) لاڑکانہ میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی جانب سے آپریشن "بنیان مرصوص" کے ذریعے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کی خوشی میں اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج، پاک فضائیہ و پاک بحریہ کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے قومی جھنڈے اور بینرز اٹھاکر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور مودی سرکار مردہ باد کے نعرے لگائے جبکہ مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار بھی کیا گیا۔ ریلی سے خطاب میں شرکا نے کہا کہ ہم پاک فوج کے سپہ سالار سید عاصم منیر، ائیر فورس اور نیوی کے سربراہان سمیت ان جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارت میں گھس کر دشمن کو اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچایا اور بخیریت واپس آگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے کہ وہ آئندہ ایسی جارحیت کی جرات نہیں کرے گا، ہم پاک فوج کو کامیاب آپریشن کے ذریعے دشمن کے عزائم ناکام بنانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر وقت بھارت کے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہادر ترین اور اعلیٰ دفاعی صلاحیتوں کی حامل فوج ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر "بنیان مرصوص" آپریشن کے ذریعے صرف 5 گھنٹوں میں دنیا میں تاریخ رقم کردی، آپریشن میں پانچوں پائلٹس کو جو ٹارگٹ دیا گیا تھا، انہوں نے وہ وقت پر مکمل کیا اور طیاروں سمیت پاکستان واپس لوٹے، اس آپریشن کو نہ صرف دنیا نے بلکہ دشمنوں نے بھی تسلیم کیا کہ واقعی پاک فضائیہ کے شاہین آسمان کے بادشاہ ہیں، اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ اس کا نام دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر فوج نے آپریشن "بنیان مرصوص" شروع کر کے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، جس پر آج پوری قوم جشن منا رہی ہے۔