بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر ریسکیو1122 ملتان کی جانب سے یوم تشکر تقریب کا انعقاد

اتوار 11 مئی 2025 20:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح اور آپریشن بنیان المرصوص کے نتیجہ میں ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے افواجِ پاکستان بلخصوص پاک فضائیہ جس نے دشمن کے طیارے گرائےکو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یوم تشکر منایا گیا۔اس حوالے سے یہاں ریسکیو 1122 اسٹیشن چوک کمہاراں والا میں اتوار کے روز پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نےآپریشن بنیان المرصوص کے دوران عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے زبردست کارگردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کی ضامن پاک فوج بلخصوص پاک فضائیہ کے جانبازوں جنھوں نے دشمن کے طیارے گرائےکو اس شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس کی بدولت آج قوم کا سر فخر سے بلند ہے ۔

اس موقع پر ریسکیو جوانوں نے وطن سے محبت اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پائندہ باد،پاک فوج زندہ آباد کے نعرے لگائے۔بعد ازاں ریسکیو1122کی جانب سے فلیگ مارچ بھی کیا گیا،جو ریسکیو1122 ہیڈ آفس سے شروع ہوکر شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا چوک قذافی پر اختتام پزیر ہوا۔