پشاور، رنگ روڈ مال منڈی کے قریب دھماکہ ، 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے

تھانہ چمکنی کی حدود نزد مال مویشی منڈی برلب نہر پر پیش آیا جہاں پولیس موبائل گاڑی پر خود کش دھماکہ ہوا جب پولیس کی گشت پر مامور موبائل وہاں موجود تھی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 12 مئی 2025 13:35

پشاور، رنگ روڈ مال منڈی کے قریب دھماکہ ، 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 مئی 2025) پشاور میںرنگ روڈ مال منڈی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے، تھانہ چمکنی کی حدود نزد مال مویشی منڈی برلب نہر پر پیش آیا جہاں پولیس موبائل گاڑی پر خود کش دھماکہ ہوا جب پولیس کی گشت پر مامور موبائل وہاں موجود تھی،ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، ریسکیو ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر 2 افراد کے شہید ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق دھماکے کے فوری بعد ریسکیو1122 کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں تھیں۔دھماکے میںشہید ہونے والوں میں اے ایس آئی لائق زادہ اور کانسٹیبل عالم زیب جبکہ زخمیوں میں انعام اللہ بیلٹ نمبر5613 آئی ایچ سی ، مہتاب خان 381اور پولیس موبائل کاڈرائیور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات معلوم کی جارہی ہیں۔

دھماکہ رنگ روڈ کے قریب واقع مویشی منڈی کے پاس ہوا ہے جہاں پولیس موبائل گشت پر تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود بنگش نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں سب انسپکٹر سمیت 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

مسعود بنگش کایہ بھی کہنا ہے کہ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔ جائے وقوعہ سے شوائد اکٹھے کئے جارہے ہیں، ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ دھماکا خودکش تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل پشاور ورسک روڈ پر پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے کی اطلاع ملی تھی۔بتایا گیا تھا کہ ریسکیو اور امدادی ٹیمیں اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو گئیں تھیں۔ دھماکے میں کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تھیں۔