حافظ عبدالرؤف کے مارے جانے کا بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران حافظ عبدالرؤف کا ایک حالیہ ویڈیو پیغام نشر کردیا

پیر 12 مئی 2025 19:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2025ء) ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی مسعود اظہر کے بھائی حافظ عبدالرؤف کے مارے جانے کی خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے نشاندہی کی کہ بھارتی حکومت اور ذرائع ابلاغ اس سلسلے میں مسلسل جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ برطانیہ میں تعینات بھارتی سفیر نے ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں مولانا حافظ عبدالرؤف کی پرانی تصاویر کو حالیہ واقعہ بتا کر پیش کرنے کی کوشش کی۔پریس کانفرنس کے دوران حافظ عبدالرؤف کا ایک حالیہ ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا، جس میں وہ بخیریت موجود تھے۔ اس ویڈیو ثبوت نے بھارتی پروپیگنڈے کے تمام دعوؤں کو غلط ثابت کر دیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ حافظ عبدالرؤف پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کے رکن ہیں اور اپنی معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے حافظ عبدالرؤف کی پرانی تصاویر کا غلط استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ بھارت کا پرانا رویہ ہے کہ وہ بغیر کسی معتبر ثبوت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتا رہتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت کے اس طرح کے مذموم پروپیگنڈے کا ادراک کرے اور حقائق کو سمجھے۔