Live Updates

عالمی یومِ نرسنگ کے موقع پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں شاندار تقریب کاانعقاد

منگل 13 مئی 2025 16:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں عالمی یوم نرسنگ کے موقع پر برطانیہ میں قائم ریسرچ اینڈ ٹریننگ سروس (SAME RPS)کے اشتراک سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد خیبرپختونخوا کے نرسنگ اسٹاف کی بے لوث خدمات، جذبہ قربانی اور پیشہ ورانہ استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

تقریب کا آغاز یکجہتی واک سے ہواجو پاکستان کی مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی اور قومی سالمیت کے عزم کا مظہر تھی۔ اس موقع پر مقامی مسیحی برادری کے نمائندوں کے انٹرویوز بھی پیش کیے گئے، جنہوں نے نہ صرف نرسنگ اسٹاف کی خدمات کو سراہا بلکہ ملکی سرحدوں کی حفاظت میں پاک فوج کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ SAME RPSنے اس دن کو نرسز اور پاک آرمی کے لیے مخصوص کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت اور خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔

(جاری ہے)

ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نرسنگ شعبہ صحت کے نظام میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ ہماری مسلح افواج ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں۔ ان دونوں طبقات کی مشترکہ قربانیاں اور خدمات ہمیں اپنی تعلیمی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد نہ صرف شعبۂ صحت میں بہترین تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے بلکہ اُن تمام افراد سے اظہارِ یکجہتی کرنا بھی ہے جو پاکستان کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔SAME RPS کی اس کاوش کو مختلف طبقات کی جانب سے سراہا گیااور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا گیا جو قومی یکجہتی اور صحتِ عامہ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات